پاکستان میں آٹو موٹیو سیکٹر کے لیے اہم پیش رفت

وافی انرجی پاکستان اور انڈس موٹر کمپنی کے درمیان ٹویوٹا جنوئن موٹر آئل کی فراہمی کے لیے اسٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا

بدھ 6 مئی 2026 23:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) پاکستان میں آٹو موٹیو سیکٹر کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر وافی انرجی پاکستان اور انڈس موٹر کمپنی کے درمیان ٹویوٹا جنوئن موٹر آئل (TGMO) کی فراہمی کے لیے اسٹریٹجک معاہدہ طے پا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس معاہدے کے تحت وافی انرجی پاکستان ٹویوٹا گاڑیوں کے لیے دو اہم موٹر آئل گریڈز پیٹرون پلس 10W-30 اور پیٹرون 20W-50 فراہم کرے گی، جو عالمی معیار کے مطابق انجن کی کارکردگی، تحفظ اور ایندھن کی بچت کو یقینی بنانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط وافی انرجی پاکستان کے ڈائریکٹر لیوبریکینٹس دانش انصاری اور انڈس موٹر کمپنی کے ڈائریکٹر سیلز، مارکیٹنگ اینڈ کسٹمر فرسٹ ڈویژن عبدالرب نے کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران کیے، جس میں دونوں اداروں کی اعلی قیادت نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وافی انرجی پاکستان، شیل برانڈ کی لائسنس یافتہ کمپنی کے طور پر، عالمی سطح کی لبریکیٹس ٹیکنالوجی کو مقامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فراہم کرتی ہے، جبکہ انڈس موٹر کمپنی ملک میں ٹویوٹا برانڈ کی ڈسٹری بیوشن اور آفٹر سیلز سروسز کی ذمہ دار ہے۔

اس شراکت داری کے نتیجے میں ٹویوٹا صارفین کو ملک بھر میں مستند اور او ای ایم منظور شدہ موٹر آئلز کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دانش انصاری نے کہا کہ گاڑیوں کی جدید ٹیکنالوجی کے پیش نظر او ای ایم شراکت داریوں کی اہمیت بڑھ گئی ہے، جو انجن کی ضروریات کے مطابق معیاری لبریکیٹ سلوشنز کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

انڈس موٹر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی اصغر جمالی کا کہنا تھا کہ ٹویوٹا صارفین ہمیشہ اعلی معیار کی توقع رکھتے ہیں اور یہ شراکت انہیں عالمی معیار کے مطابق مصنوعات کی فراہمی کو مزید بہتر بنائے گی، جس سے انجن کی کارکردگی اور گاڑی کی پائیداری میں اضافہ ہوگا۔ڈائریکٹر سیلز، مارکیٹنگ اینڈ کسٹمر فرسٹ ڈویژن عبدالرب نے کہا کہ ٹویوٹا گاڑیوں کے لیے مخصوص موٹر آئل کی دستیابی گاڑی کی بہترین کارکردگی اور صارفین کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے نہایت اہم ہے، اور یہ معاہدہ اسی عزم کا عکاس ہے۔