وفاقی محتسب سیکرٹریٹ علاقائی دفتر مظفرآباد میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خلاف دی جانے والی درخواست کی سماعت

بدھ 6 مئی 2026 21:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) وفاقی محتسب سیکرٹریٹ علاقائی دفتر مظفرآباد میں (NHA) نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خلاف دی جانے والی درخواست کی سماعت ، کیس کی سماعت ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب آزادکشمیر منصور قادر ڈار نے کی ۔درخواست چیئرمین مرکزی انجمن تاجران شوکت نواز میر کی جانب سے دی گئی تھی درخواست گزار کا موقف تھا کہ ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کو ریاست کے دیگر علاقوں اور بالخصوص پاکستان سے ملانے والی واحد رابطہ شاہراہ گزشتہ دو ہفتوں سے بوجہ لینڈ سلائیڈ منقطع ہے اور یہ شاہراہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر اہتمام ہے جس کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اس انتہائی اہم ،دفاعی، معاشی اور عوامی ضرورت کی شاہراہ کو آمد ورفت کے لئے پورا سال بحال رکھے مگر NHA مستقل بنیادوں پر ایسا کرنے میں ناکام ہے اور ہمیشہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے یہ روڈ بند رہتی ہے جبکہ اس شاہراہ کے لئے کروڑوں روپے کا بجٹ ہر وقت دستیاب ہے ، گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں منسٹری آف کمیونیکیشن کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر بلال خان جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر فرید احمدپیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر بلال خان نے بریف کرتے ہوئے بتایا کہ دولائی لینڈ سلائیڈنگ ایریا پر اوپن ٹنل تعمیر کرنے کے سلسلہ میں منسٹری آف کمیونیکیشن کی جانب سے PC-Iجس کاتخمینہ 1ارب 43کروڑ بنتا ہے تیار کر کے منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ۔ PC-Iکی منظوری کے بعد ٹنل کی تعمیر کاکام شروع ہو گا ۔جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہونے والی سڑک جس پر 300میٹر کی سلائیڈ آئی تھی کو NHAکے آفیسران و اہلکاران نے دن رات محنت کر کے صرف 7ایام میں آمد و رفت کے لیے بحال کیا ۔

یاد رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خلاف متذکرہ شاہراہ کے حوالہ سے کئی درخواستیں وفاقی محتسب کو موصول ہوئی ہیں ان تمام درخواستوں کے سدباب کے لیے حکام نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو طلب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ریجنل ہیڈ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ NHAکے آفیسران و اہلکاران نے دن رات محنت کر کے اتنی بڑی سلائیڈ کو صرف 7ایام میں آمد ورفت کے لیے بحال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب عوامی امنگوں کا ترجمان ہے ۔ وفاقی محتسب میں شکایت کا فیصلہ صرف 60دن کے دمختصر ترین عرصہ میں کر دیا جاتا ہے۔ عوام جن کو وفاقی اداروں کے خلاف شکایات ہوں وہ بغیر فیس اور بغیر کسی وکیل کے درخواست دے سکتے ہیں ۔