بچہ حوالگی کیس، عدالت کا بچوں کو باپ کے حوالے کرنے کا حکم

فیصلے کے بعد بچوں کی ماں سے جدا ہونے پر چیخ و پکار، احاطہ عدالت افسردہ

بدھ 6 مئی 2026 20:08

بچہ حوالگی کیس، عدالت کا بچوں کو باپ کے حوالے کرنے کا حکم
ًلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) لاہور ہائیکورٹ میں بچہ حوالگی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے بچوں کو باپ کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا، جس کے بعد احاطہ عدالت میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔جسٹس طارق محمود باجوہ نے سائلہ ارم بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار خاتون نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس کے شوہر نے بچوں کو اپنے پاس رکھا ہوا ہے، لہٰذا دونوں بچوں کو اس کے حوالے کیا جائے۔

عدالتی حکم پر پولیس نے دونوں بچوں، بیٹے حمزہ اور بیٹی رمشاء کو عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران بچوں نے ماں کے ساتھ جانے کی خواہش کا اظہار کیا، جبکہ والد نے بتایا کہ بچوں کی ماں انہیں چھوڑ کر میکے چلی گئی تھی اور وہ گزشتہ کئی سال سے بچوں کی پرورش کر رہا ہے۔درخواست گزار خاتون کے وکیل نے بچوں کی حوالگی کے لیے دلائل دیے، تاہم وہ عدالت کو مطمئن نہ کر سکے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں بچوں کو والد کے حوالے کرنے کا حکم جاری کیا۔فیصلے کے بعد دونوں بچے ماں کے ساتھ جانے کے لیے روتے اور چیختے رہے۔ اس دوران انہیں غشی کے دورے بھی پڑے، جبکہ والد بچوں کو زبردستی اپنے ساتھ لے گیا۔