پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا

بدھ 6 مئی 2026 20:25

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا الرٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) پنجاب میں کل 7 سے 11 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 7سے 11 مئی کے دوران پنجاب کے بالائی اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، لاہور ،نارووال اور قصور میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز و ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواوں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاط برتیں اور دھوپ میں غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں ۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ اس دوران کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں ۔انہوں نے ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔،ڈی جی نے کہا کہ موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔