وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ کیمیا کی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں، ACS گرانٹس حاصل

جمعرات 7 مئی 2026 13:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کیمیا نے بین الاقوامی سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے امریکن کیمیکل سوسائٹی (ACS) کی متعدد ریسرچ اور فیسٹیول گرانٹس حاصل کر لیں۔ یہ کامیابیاں شعبہ کیمیا کے اسسٹنٹ پروفیسر، ACS پاکستان چیپٹر کے خزانچی اور بین الاقوامی اسکالر ڈاکٹر ساجد جہانگیر کی مثر قیادت اور مسلسل مینٹورشپ کا نتیجہ ہیں، جو پاکستان میں سائنسی تحقیق اور عالمی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

ACS گرانٹس دنیا بھر سے آنے والی درخواستوں میں سخت مقابلے کے بعد دی جاتی ہیں، جہاں تحقیق کی جدت، معیار اور سماجی و سائنسی اثرات کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ ایسے میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کا ان گرانٹس کا حصول ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ساجد جہانگیر کی سرپرستی میں شعبہ کیمیا کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عروج ہارون اور دو طلبہ، محمد احمد اور سید عبیداللہ نے بھی ACS Festival Grant 2026 حاصل کی۔

محمد احمد، جو فزیکل کیمسٹری کے طالب علم ہیں، کو اپنے منفرد منصوبے سائنس ٹورازم انیشی ایٹو پاکستان کے لیے 1500 امریکی ڈالر کی گرانٹ دی گئی، جس کا مقصد ملک بھر میں سائنسی آگاہی، تعلیمی سرگرمیوں اور تحقیق کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔اسی سلسلے میں ڈاکٹر ساجد جہانگیر کی اپنی ACS 2026 Festival Grant بھی منظور ہوئی ہے، جس کے تحت انہیں 3000 امریکی ڈالر کی گرانٹ دی گئی۔

ان کی قیادت میں نہ صرف گرانٹس کا حصول ممکن ہوا بلکہ شعبہ کیمیا میں تحقیق، آٹ ریچ اور بین الاقوامی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں، جس سے طلبہ کے لیے عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے دروازے کھل رہے ہیں۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے تمام کامیاب اساتذہ اور طلبہ کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں وفاقی اردو یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر ہیں اور اس سے ادارے کی عالمی سطح پر ساکھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں تحقیق اور بین الاقوامی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔