آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں آپریشن بنیان المرصوص (معرکہ حق) کی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 7 مئی 2026 16:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز، جامعہ آزاد جموں و کشمیراورکشمیر ویمن الرٹ فورم (KWAF) کے زیر اہتمام آپریشن بنیان المرصوص (معرکہ حق) کی سالگرہ کے موقع پر ایک پُروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معزز مہمانوں، اساتذہ کرام اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب سے پروفیسر ناصر جمال خٹک، وائس چانسلر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی،جسٹس (ر) چوہدری ابراہیم ضیا، سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر؛ ڈاکٹر طلحت شبیر، ڈائریکٹر پاک چین انسٹیٹیوٹ اسلام آباد محترمہ سمعیہ ساجد، چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم آزاد کشمیرایڈووکیٹ پرویز شاہ، جنرل سیکرٹری آل پارٹیز حریت کانفرنس؛ اور ڈاکٹر ریحانہ کوثر، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز یو اے جے کے نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ وطن کے ان شہداء کو بھرپور انداز میں یاد کیا گیا جن کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ شرکاء نے پاکستان ایئر فورس اور بری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور دشمن کی جارحیت کا موثر جواب دینے پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر قومی یکجہتی، استقامت اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کو بھی سراہا گیا۔تقریب کے دوران طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے جنہوں نے حاضرین میں حب الوطنی، جذبہ اور جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا۔بعد ازاں طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے فتح کی خوشی میں ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں قومی یکجہتی اور پاکستان سے اظہارِ محبت کیا گیا۔