بنیان مرصوص صرف عسکری کامیابی نہیں ،قومی وحدت، جرات، قربانی اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم کی روشن علامت ہے، چودھری لطیف اکبر

جمعرات 7 مئی 2026 22:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی وحدت، جرات، قربانی اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ثابت کر دیا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام اپنی آزادی، خودمختاری اور سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

قائمقام صدر آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبرنے کہا کہ کشمیری عوام ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی پاکستان کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ‘‘بنیان المرصوص’’نے قوم میں ایک نئی روح، اعتماد اور اتحاد پیدا کیا ہے۔ آج پوری قوم اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے۔