پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ، بنگلہ دیشی کوچ فل سیمنز کا نئی تاریخ رقم کرنے کے عزم کا اظہار

جمعرات 7 مئی 2026 21:25

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ فل سیمنز نے پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی ذہنی طور پر مکمل تیار ہیں اور نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں ہیڈ کوچ فل سیمنز نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی حالیہ مہینوں میں ریڈ بال کرکٹ کھیلتے رہے ہیں، اس لئے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی مشکل نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی توجہ طویل بیٹنگ اور بڑے سکور بنانے پر ہے کیونکہ مضبوط پاکستانی بالنگ اٹیک کا سامنا کرنے کے لئے صبر اور مستقل مزاجی ضروری ہے۔ فل سیمنز نے تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہر میچ میں یکساں محنت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہیں۔کوچ نے نوجوان کھلاڑی تنظیم حسن تمیم اور امیت حسن کی موجودگی کو بھی ٹیم کے لیے مثبت قرار دیا جبکہ فاسٹ بالر ناہیدرانا کی کارکردگی اور ذہانت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ورک لوڈ کو متوازن رکھنا ضروری ہوگا۔ فل سیمنز نے گزشتہ سال پاکستان میں0-2 کی تاریخی سیریز فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی کامیابیاں اہم ضرور ہیں لیکن اصل توجہ ہوم گرانڈ پر نئی تاریخ بنانے پر ہے۔