پی سی بی کا آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کے لیے اہم پلان تیار

پاکستان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 مئی 2026 11:17

پی سی بی کا آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کے لیے اہم پلان تیار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2026ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں وائٹ بال کھلاڑیوں کے درمیان خصوصی میچز کرانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونے والی 3 دن ڈے میچز پر مشتمل سیریز کی تیاریوں کے حوالے سے وائٹ بال کرکٹرز کے مابین آئندہ ہفتے سے تین سے چار میچز کرانے کا امکان ہے۔

 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میچز کے لیے وائٹ بال کرکٹ کے پرفارمرز کو طلب کیا جائے گا کیونکہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن وائٹ بال کرکٹ کے دستیاب کھلاڑیوں کو بغور دیکھنا چاہتے ہیں۔ 
ذرائع کا بتانا ہے کہ ان میچز کے بعد ہی ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے اور ون ڈے اسکواڈ میں چند نوجوان کھلاڑی بھی شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

 

ذرائع نے کہا کہ آسٹریلوی اسکواڈ میں بھی سینئر اور تجربہ کار کھلاڑی شامل نہیں ہوں گے کیونکہ آسٹریلیا کے سرکردہ کرکٹرز آئی پی ایل میں مصروف ہیں اور چند کرکٹرز کو ٹیسٹ سیزن کی وجہ سے آرام دیا جا رہا ہے۔

 
نوجوان اولی پیک پاکستان کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہوں گے، وکٹوریہ کے اولی پیک کے ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے کم عمر ترین آسٹریلین بیٹر بننے کا امکان ہے۔ 
اولی پیک کے علاوہ لیام اسکاٹ بھی اسکواڈ میں شامل ہوں گے جبکہ بلی سٹینلیک کی چھ برس بعد اسکواڈ میں واپسی ہو گی۔ 
واضح رہے کہ پاکستان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا اور آسٹریلیا ون ڈے ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی۔ 
پی سی بی کی جانب سے اعلان کئے گئے شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 2 اور 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول کئے گئے ہیں۔