پنجاب بھر میں 1268 ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق، 1542 زخمی

ہفتہ 9 مئی 2026 17:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں1268ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں675افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔867معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (75فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں882ڈرائیوز،69کم عمر ڈرائیور، 542 مسافر اور 132پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ243ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت290متاثرین کے ساتھ پہلے،فیصل آباد 87حادثات میں105متاثرین کے ساتھ دوسر ے ، ملتان 81حادثات میں97متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1556متاثرین میں1231مرد اور325خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 294افراد کی اوسط عمر18سال سے کم 809 افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ453زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں1473موٹرسائیکلز،91آٹورکشے،136کاریں،25وین،13مسافر بسیں،42ٹرک اور69دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔