معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے شاندار ریلی

ہفتہ 9 مئی 2026 18:02

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) معرکہ حق میں تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سابق ایم این اے میاں عبدالمنان کی قیادت میں این اے 101 اور پی پی 113 کے زیرِ اہتمام ریلی نکالی گئی جس میں انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ رجسٹرڈ کے صدر چوہدری پرویز اقبال کموکا، سابق ایم پی اے رانا علی عباس خان، ایڈووکیٹ طارق قادری، میاں علی، چوہدری عثمان، رانا بلال، حافظ عثمان، ملک فاروق، میاں اکبر علی اور دیگر رہنماؤں سمیت شہریوں، تاجروں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی فیضانِ مدینہ چوک سے شروع ہو کر جڑانوالہ روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں جبکہ بھارت مخالف نعروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

ریلی کے دوران ’’پاک فوج زندہ باد‘‘اور’’بھارت مردہ باد‘‘کے نعرے فضا میں گونجتے رہے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں عبدالمنان نے کہا کہ معرکہ حق میں شاندار کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور افواجِ پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اگر دشمن نے آئندہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔