اسلام آباد پولیس کا مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اور کومنگ آپریشن،منشیات فروش گرفتار، آئس اور اسلحہ برآمد

ہفتہ 9 مئی 2026 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور سکیورٹی صورتحال کو مزید موثر بنانے کیلئے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اور کومنگ آپریشن کیا جس کے دوران سینکڑوں افراد، گھروں، ہوٹلوں، دکانوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ متعدد مشکوک افراد کو جانچ پڑتال کیلئے تھانوں منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی نگرانی اور زونل ایس پیز کی زیر نگرانی مختلف علاقوں میں سرچ اور کومنگ آپریشنز کیے گئے۔ آپریشن کے دوران 881 افراد، 422 گھرانوں، 35 ہوٹلوں، 54 دکانوں، 326 موٹر سائیکلوں اور 116 گاڑیوں کو چیک کیا گیا جبکہ 39 مشکوک افراد اور 31 موٹر سائیکلوں کو مزید جانچ پڑتال کیلئے متعلقہ تھانہ جات منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے کارروائی کے دوران منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 130 گرام آئس اور ایک عدد پستول معہ ایمونیشن بھی برآمد کیا۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ سرچ آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور شہر بھر میں سکیورٹی کو مزید موثر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار-15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :