ڈپٹی کمشنر چکوال نے "چکوال تا کلر کہار روڈ بحالی و بہتری منصوبہ" میں مبینہ ناقص تعمیراتی کام کا سخت نوٹس لے لیا

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات (C&W) پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا

ہفتہ 9 مئی 2026 20:10

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) ڈپٹی کمشنر چکوال نے "چکوال تا کلر کہار روڈ بحالی و بہتری منصوبہ" میں مبینہ ناقص تعمیراتی کام کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات (C&W) پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ سرکاری مراسلے کے مطابق "چکوال تا کلرکہار روڈ" منصوبہ ADP 2024-25 کے تحت 60 کروڑ 28 لاکھ 98 ہزار روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا تھا جبکہ منصوبے کی تکمیل 30 جون 2025 کو ظاہر کی گئی۔

تاہم حالیہ فیلڈ انسپیکشن کے دوران سڑک کے مختلف حصوں میں قبل از وقت ٹوٹ پھوٹ اور خراب تعمیراتی معیار سامنے آیا۔مراسلے میں کہا گیا کہ منصوبے کے حوالے سے متعدد عوامی شکایات موصول ہوئیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ناقص کام پر تنقید زیر بحث رہی۔ ڈپٹی کمشنر نے مؤقف اختیار کیا کہ ایکسیئن ہائی ویز چکوال کو صورتحال سے آگاہ کیے جانے کے باوجود تاحال مؤثر بہتری دیکھنے میں نہیں آئی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر چکوال نے مراسلے میں خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو سڑک مزید خراب ہونے، عوام کو مشکلات کا سامنا کرنے اور سرکاری خزانے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مراسلے میں سیکرٹری C&W پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کا فوری اور جامع تکنیکی آڈٹ و انسپیکشن کروایا جائے تاکہ تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ذمہ داران کا تعین بھی کیا جا سکے۔