سعودی عرب میں حج کے داخلی راستوں پر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی نگرانی سخت

20ملکوں سے متعلق 27مختلف کھیپوں کا معائنہ،187ٹن طبی سامان کی جانچ پڑتال کی گئی،رپورٹ

اتوار 10 مئی 2026 12:20

ْریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) سعودی عرب میں زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے مقدس مقامات پر حج مشنوں کی آمد شروع ہوتے ہی جنرل اتھارٹی برائے خوراک و ادویات نے ایک مربوط آپریشنل پلان کے تحت اپنی نگرانی کی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں جس کا مقصد ضویف الرحمن کے لیے مختص طبی سامان کی حفاظت اور دستیابی کو یقینی بنانا اور حج سیزن 1447ھ کے دوران داخلی راستوں پر طریقہ کار کی کارکردگی کو بڑھانا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتھارٹی کی نگران ٹیمیں حج مشنوں کے داخلے کے متعدد مقامات پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں جہاں وہ حج دفاتر اور مشنوں کے ساتھ آنے والی ادویات اور طبی آلات کی کھیپوں کا معائنہ اور جانچ کرتی ہیں۔ منظور شدہ شرائط و معیارات کے ساتھ ان کی مطابقت کی تصدیق کرتی ہیں تاکہ ضیوف الرحمن کو فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات کے نظام کو سپورٹ کیا جا سکے اور آپریشنل طریقہ کار کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے حج انٹری پوائنٹس پر اپنی نگرانی تیز کر دی ،فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے وضاحت کی کہ اس نے اب تک 20 ملکوں سے متعلق 27 مختلف کھیپوں کا معائنہ کیا ہے۔ 187 ٹن سے زائد ادویات اور طبی آلات کی جانچ کی ہے۔ اس کے علاوہ تقریبا ایک ٹن ایسی غذائی اور ادویاتی مصنوعات کے داخلے کو روکا گیا جو منظور شدہ شرائط کے مطابق نہیں تھیں۔فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے منظور شدہ ریگولیٹری کنٹرولز کے مطابق حج مشنوں کے لیے مختص طبی سامان کی مسلسل آمد کو یقینی بنانے کے لیے متعدد آپریشنل سہولیات کی فراہمی کی تصدیق کی ہے جس میں مقدس مقامات کے اندر مشنوں کے ہیڈ کوارٹرز پر پہنچنے پر کچھ کھیپوں کے معائنے میں لچک دکھائی گئی ہے تاکہ اعلی ترین معیار اور حفاظت کو برقرار رکھتے ہوئے کارروائی کو تیز اور فراہمی کو موثر بنایا جا سکے۔

سعودی اتھارٹی نے کہا کہ یہ کوششیں ایک مربوط قومی نظام کے تحت متعلقہ حکام کے تعاون اور ہم آہنگی سے انجام دی جا رہی ہیں جو حج سیزن کو کامیاب بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ یہ کوششیں اس دیکھ بھال اور توجہ کی عکاسی کرتی ہیں جو دانش مند قیادت ضیوف الرحمن کی خدمت اور مناسک کی ادائیگی کے دوران ان کی حفاظت اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے فراہم کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :