عیدالاضحیٰ سے قبل خصوصی صفائی آپریشن شروع کر دیا ہے،ڈپٹی کمشنر

پیر 11 مئی 2026 12:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحیٰ سے قبل شہر بھر میں خصوصی صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ عبادت گاہوں، مساجد، بازاروں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی اورملبہ کلیئرنس کے عمل کو تیزکر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی سرگرمیاں ڈبل شفٹ میں جاری ہیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی عملہ اورمشینری بھی تعینات کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرملتان محمد نعمان صدیق نےعلی الصبح شہر کےمختلف علاقوں کا دورہ کیا اورپیدل چل کرگلی محلوں میں صفائی صور تحال کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی عملے سے ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے نظام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بہترین اور صاف ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے، اسی لیے خصوصی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی حکام کو صفائی آپریشن میں مزید تیزی لانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت بھی جاری کی۔