سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت تمام غیر ملکیوں کے لیے اہم انتباہ، بغیر پرمٹ حج کی کوشش پر سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

پیر 11 مئی 2026 12:41

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) سعودی وزارتِ داخلہ نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں، بشمول پاکستانی کمیونٹی اور ہر قسم کے ویزا ہولڈرز کے لیے حج قوانین کے حوالے سے نئی اور سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے حج ضوابط کی مکمل پاسداری لازمی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق اس سال (1447ھ) فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے باقاعدہ 'حج پرمٹ' کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزارت نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی شخص کو بغیر قانونی اجازت نامے کے مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانہ، قید اور مملکت سے بے دخلی جیسی سخت قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

وزارتِ داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اللہ کے مہمانوں کی حفاظت اور حج سیزن کو منظم بنانے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ تمام مقیم افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر حج کی ترغیب دینے والے عناصر سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا قانون شکنی کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں رہنے والے افراد کسی بھی شکایت یا اطلاع کے لیے ایمرجنسی نمبر 911 پر رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ مملکت کے دیگر تمام صوبوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر 999مختص کیا گیا ہے۔ پاکستانی سفارت خانے نے بھی اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سعودی قوانین کا احترام یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔