لاہور کی ہائوسنگ سوسائٹیز کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا فیصلہ

تمام رہائشی علاقوں کی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائیگا‘ سی سی پی او

پیر 11 مئی 2026 16:25

لاہور کی ہائوسنگ سوسائٹیز کا سکیورٹی آڈٹ کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) لاہور کی ہائوسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی انتظامات کا جامع آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام رہائشی علاقوں کی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی انتظامات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے اور آڈٹ رپورٹ مرتب کر کے متعلقہ حکام کو بھجوائی جائے۔

پولیس حکام کے مطابق جن ہائوسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی انتظامات غیر تسلی بخش پائے گئے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ہدایت نامے کے مطابق تمام سوسائٹیز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ سسٹم کو موثر بنانے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر جدید سکیورٹی چیکنگ سسٹم نصب کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی تعداد بڑھانے، گیٹیڈ کمیونٹی سسٹم کو فروغ دینے اور رہائشی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے سکیورٹی کمپنیز اور ہائوسنگ سوسائٹیز انتظامیہ کے درمیان کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا ہے جبکہ تمام سوسائٹیز کو رہائشیوں کا مکمل ڈیٹا اور وزیٹر ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے استعمال سے جرائم کی روک تھام کو مزید موثر بنایا جائے گا۔