گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ملازمین کا دو روزہ احتجاج

احتجاج میں نرسنگ، پیرامیڈیکل، وزارتی اور ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف کی بھرپور شرکت

منگل 12 مئی 2026 14:56

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2026ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ملازمین نے 2019سے زیر التوا سروس ریکروٹمنٹ رولز بنانے میں طویل تاخیر کے خلاف دو روزہ پرامن احتجاج شروع کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاج میں نرسنگ، پیرامیڈیکل، وزارتی اور ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ 2019سے زیر التوا بھرتی قوانین نہ بننے کے باعث ترقیوں، تنخواہوں کی درجہ بندی، کیریئر گروتھ اور دیگر سروس مراعات شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ملازمین کے نمائندوں سندیپ نارانیہ، سومیش سوڈان، وشو شرما اور ابھیشیک شرما کی قیادت میں ہونے والے احتجاج میں شرکا نے انتظامیہ پر سنگین غفلت اور غیر سنجیدگی کا الزام عائد کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ نئے قائم ہونے والے میڈیکل کالجوں میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں جبکہ ان کی ملازمتوں کے ریگولرائزیشن سے متعلق بھی کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آئی۔