یورپی یونین کے مذاکرات کاروں کا ضروری ادویات سے متعلق نئے قواعد پر اتفاق

منگل 12 مئی 2026 15:02

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) یورپی یونین کے مذاکرات کاروں نے آج ایسے نئے قواعد پر عبوری اتفاق کر لیا ہے جن کا مقصد بلاک کے اندر ضروری ادویات کی سپلائی چین کو مضبوط بنانا اور یورپ سے باہر موجود مینوفیکچررز پر انحصار کم کرنا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اس اقدام کا مقصد گزشتہ چند سال کے دوران یورپی یونین کو درپیش ادویات کی قلت کے مسائل سے نمٹنا ہے۔

قبرص کے وزیرِ صحت نیوفیٹوس چارالمبائیڈز، جن کا ملک اس وقت یورپی یونین کونسل کی گردشی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، نے کہا کہ یہ معاہدہ کمزوریوں کو کم کرنے، سپلائی چین میں تنوع پیدا کرنے اور یورپ کے اندر اہم ادویات اور ان کے بنیادی اجزاکی پیداواری صلاحیت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک عملی قدم ہے۔

(جاری ہے)

یہ نئے قواعد، جنہیں اب بھی یورپی یونین کے رکن ممالک اور یورپی پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہے، یورپ میں تیار کی جانے والی ادویات کی سرکاری خریداری کو ترجیح دیں گے، اسٹریٹجک منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کریں گے اور مالی معاونت تک جلد رسائی کو ممکن بنائیں گے۔

ان قواعد کے تحت کئی یورپی ممالک کو مشترکہ طور پر اہم ادویات، خصوصاً نایاب بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوائیں، خریدنے کی بھی اجازت ہوگی۔یورپی کمیشن نے 2025 میں ان قواعد میں ترمیم کی تجویز پیش کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ ادویات کی قلت کی متعدد وجوہات ہیں، جن میں دواسازی کی تیاری میں استعمال ہونے والے فعال اجزا کی سپلائی میں رکاوٹیں بھی شامل ہیں۔