وزارتِ دفاعی پیداوار کے زیرِ اہتمام ڈرون ٹیکنالوجی پر نجی شعبے کے یو اے ایس ڈویلپرز کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن کاانعقاد

جمعرات 14 مئی 2026 22:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2026ء) وزارتِ دفاعی پیداوار کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ جنرل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی میں ڈرون ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک اہم انٹرایکٹو سیشن منعقد کیا گیاجس میں غیر انسانی فضائی نظام (یو اے ایس)کی تیاری اور ترقی سے وابستہ نجی شعبے کی ممتاز کمپنیوں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد چراغ حیدر نے کی۔

اجلاس کا مقصد ڈرون وارفیئر اور نگرانی کی جدید ٹیکنالوجیز کے تیزی سے ارتقا کے تناظر میں سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان تعاون اور رابطہ کاری کو مزید موثر بنانا تھا۔شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ حالیہ عالمی تنازعات نے جدید جنگی حکمتِ عملی، انٹیلی جنس معلومات کے حصول، سرحدی نگرانی اور درست ہدفی کارروائیوں میں ڈرونز کے فیصلہ کن کردار کو نمایاں طور پر اجاگر کیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک کمپنیوں نے اپنے تحفظات، عملی مسائل اور سفارشات براہِ راست وزارتِ دفاعی پیداوار کے سامنے پیش کیں۔ سیکرٹری دفاعی پیداوار نے شرکا کو یقین دلایا کہ ان کی مفید تجاویز کو مستقبل کی پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا تاکہ ملک میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ایک مضبوط اور پائیدار مقامی نظام کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارتِ دفاعی پیداوار نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ نجی شعبے کو ریگولیٹری طریقہ کار، ٹیسٹنگ انفراسٹرکچر، خریداری کے نظام اور تحقیق و ترقی کے شعبوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ غیر انسانی فضائی صلاحیتوں کی تیز رفتار ترقی کے لیے ریاستی اداروں اور نجی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، کیونکہ یہ پاکستان کی قومی ترجیحات میں شامل ہو چکا ہے۔