Live Updates

قطر کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں تیز، پاکستان کے کردار کو سراہا

منگل 19 مئی 2026 21:20

دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2026ء) قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ علاقائی رہنماؤں اور جنگ میں شامل فریقین کے درمیان رابطے تاحال جاری ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی لائی جا رہی ہے۔ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری کے مطابق قطر واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف سفارتی ذرائع کے ذریعے بحران کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔

ماجد الانصاری نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فریقین کو قریب لانے اور مسئلے کا حل تلاش کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سفارتکاری ہی کشیدگی کم کرنے کا مثر راستہ ہے۔قطری ترجمان نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز تک رسائی روکنے کا حق حاصل نہیں، ان کے مطابق بحری آمدورفت ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی اور اب تک صرف دو ایل این جی ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ماجد الانصاری نے کہاکہ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے کا سلسلہ جاری رہے گا اور سفارتی بات چیت مثبت رہی ہے۔قطر نے دعویٰ کیا کہ ٹرمپ نے قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی درخواست پر ایران پر حملہ موخر کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ حملوں نے قطر اور ایران کے مثبت تعلقات کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات