سٹیٹ بینک کی تمام شیڈولڈ بینکوں کو عیدالاضحی کی تعطیلات میں اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک رکھنے کی ہدایت

پیر 25 مئی 2026 13:00

سٹیٹ بینک کی تمام شیڈولڈ بینکوں کو عیدالاضحی کی تعطیلات میں اے ٹی ایم ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2026ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام شیڈولڈ بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے ایام میں اپنے اپنے بینکوں کی برانچزمیں نصب اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی کا وافر سٹاک موجود رکھیں تاکہ اے ٹی ایم مشینیں استعمال کرنے والے بینکوں کے کھاتہ داران کو عیدالاضحی کے ایام میں رقم نکلوانے میں کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے نیز تمام بینکوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ بھی چیک کرتے رہیں ، مشین بند ہونے پرا ن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سٹیٹ بینک فیصل ۱ٓباد کے ترجمان کے مطابق بعض بینکوں کے کھاتہ داران کی جانب سے سٹیٹ بینک کے مجاز حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ گذشتہ عیدکے موقع پر کچھ بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں میں کرنسی ختم ہو گئی تھی جبکہ کئی مشینیں آؤٹ آف آرڈر بھی تھیں جس کے باعث اے ٹی ایم صارفین کو عید کے ایام میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں اپنے اہم معمولات کی سرانجام دہی میں بھی دشواری پیش آئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتا یا کہ تمام بینکوں کے حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اے ٹی ایم مشینوں کی ورکنگ کو چیک کریں اور چھٹیوں کے دوران بھی اے ٹی ایم مشینوں میں وافر کرنسی موجود رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔