وزیرِاعظم کا حالیہ دورۂ چین ، دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے، خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں بھی مثبت پیش رفت کا باعث بنے گا، افتخارعلی ملک

ہفتہ 23 مئی 2026 18:43

وزیرِاعظم  کا حالیہ دورۂ چین  ،  دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک  لے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2026ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورۂ چین نہ صرف پاک چین دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں بھی مثبت پیش رفت کا باعث بنے گا۔ہفتہ کو جاری اپنے بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط، مستحکم اور ہمہ جہت ہوتے جا رہے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا دورۂ چین انتہائی اہم سفارتی اور اقتصادی پیش رفت ہے جس سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) خطے کی تقدیر بدلنے والا منصوبہ ہے جس کے دوسرے مرحلے میں صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، گرین انرجی، ڈیجیٹل معیشت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چینی سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون سے برآمدات بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کاروباری و صنعتی برادری وزیرِ اعظم کے دورۂ چین کو انتہائی مثبت پیش رفت قرار دیتی ہے اور توقع رکھتی ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں نئے معاہدے، مشترکہ منصوبے اور سرمایہ کاری کے مواقع سامنے آئیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی مستقبل میں مزید مستحکم ہوگی اور دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔