پاکستانی جوجِٹسو اور ایم ایم اے کھلاڑیوں کی بین الاقوامی کامیابیوں پر چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد کی حوصلہ افزائی

منگل 2 جون 2026 18:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2026ء) چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے جوجِٹسو اور مکس مارشل آرٹس کھلاڑیوں کی بین الاقوامی کامیابیوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔پاکستان جوجِٹسو اور مکس مارشل آرٹس ٹیم کے کھلاڑیوں اور فیڈریشن عہدیداران کے ساتھ ہوئی، جنہوں نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف بین الاقوامی چیمپئن شپس میں گولڈ، سلور اور برانز میڈلز حاصل کیے۔

خاص طور پر پاکستان نے ایشین ایم ایم اے چمپئن شپ میں سلور میڈل جیت کر ایک اہم سنگِ میل عبور کیا، جس کے نتیجے میں پہلی بار پاکستان نے ایم ایم اے کے شعبے میں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز 2026ء کے لیے تاریخی کوالیفکیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان مکس مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی جانب سے کھلاڑیوں کی خصوصی حوصلہ افزائی اور ملاقات کو سراہتے ہوئے اسے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی حوصلہ افزا اور مثبت اقدام قرار دیا۔

پاکستان جوجِٹسو فیڈریشن اور ساتھ ایشین جوجِٹسو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل طارق علی نے چیئرمین کو کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی، بین الاقوامی کامیابیوں اور آئندہ ٹورنامنٹس کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے مستقبل کے منصوبوں اور کھلاڑیوں کی تیاریوں کے روڈمیپ سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نوجوان کھلاڑیوں، بالخصوص جوجٹسو اور مکسڈ مارشل آرٹس کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو ہر سطح پر مکمل سپورٹ اور حوصلہ افزائی فراہم کرتی رہے گی تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کر سکیں۔