جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر قطر جانے کی کوشش ناکام، مسافر کو جناح ایئرپورٹ پر آف لوڈکردیا گیا

اتوار 7 جون 2026 18:35

جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر قطر جانے کی کوشش ناکام، مسافر کو جناح ایئرپورٹ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2026ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای)امیگریشن ونگ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے قطر جانے والے ایک مسافر کو جعلی ڈرائیونگ لائسنس استعمال کرنے کی کوشش پر آف لوڈ کر دیا۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مسافر کی شناخت نعمان شوکت کے نام سے ہوئی، جو ڈرائیور کی ملازمت کے لیے قطر روانہ ہو رہا تھا۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کی جانب سے پیش کیا گیا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس مشکوک قرار پایا۔ترجمان نے بتایا کہ لائسنس پر درج کیو آر کوڈ کی اسکیننگ کے دوران حاصل ہونے والی معلومات مسافر کے شناختی کوائف سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں، جس کے باعث دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ پیدا ہوا۔ مزید جانچ پڑتال میں لائسنس کے مشتبہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران مسافر نے انکشاف کیا کہ مذکورہ ڈرائیونگ لائسنس نوید نامی شخص کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا، جو مبینہ طور پر سندھ پولیس کے محکمہ سی ٹی ڈی میں ملازم ہے۔ مسافر کے مطابق اس نے بیرون ملک ڈرائیور کی ملازمت حاصل کرنے کے مقصد سے یہ لائسنس بنوایا تھا۔ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر بیرون ملک سفر اور ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کے پیش نظر مسافر کو آف لوڈ کر دیا، جبکہ مزید تحقیقات اور ڈرائیونگ لائسنس کی تصدیق کے لیے کیس ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ویزا فراڈ، جعلی سفری دستاویزات اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری ہیں اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔