سلمان خان کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے مسلم لیگ ہائوس میں قرآن خوانی و دعائے مغفرت

منگل 9 جون 2026 21:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2026ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی کے صدر سلمان خان کی والدہ مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے پاکستان مسلم لیگ ہائوس کراچی میں قرآن خوانی، دعائے مغفرت اور روحانی اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی، صوبائی اور مقامی قیادت، علما کرام، سماجی شخصیات، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قرآن خوانی سے ہوا۔ بعد ازاں معروف مذہبی اسکالر مولانا آزاد جمیل نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے والدین کی عظمت، ان کی خدمت کی اہمیت اور مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مرحومہ کی مغفرت، درجاتِ بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا بھی کروائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماں اور کارکنان نے سلمان خان سے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدہ ایک عظیم نعمت ہیں اور ان کی جدائی کا دکھ زندگی بھر محسوس کیا جاتا ہے، تاہم نیک اعمال، دعائیں اور ایصالِ ثواب مرحومین کے لیے بہترین تحفہ ہیں۔اجتماع میں مسلم لیگ (ن) کراچی اور سندھ کی مقامی قیادت، پارٹی عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سلمان خان و اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

تقریب کے اختتام پر مرحومہ کے ایصالِ ثواب، ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ سلمان خان اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر، حوصلے اور استقامت کی دعا بھی کی گئی۔شرکا نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی درجات نصیب فرمائے۔