وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ قومی تحفظِ خوراک و تحقیق کا خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی کا فیصلہ

جمعرات 11 جون 2026 00:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2026ء) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارتِ قومی تحفظِ خوراک و تحقیق نے خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی جانب سے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے ذریعے فوری گندم سپلائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر برائے قومی تحفظِ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے اس اقدام کا مقصد خیبرپختونخوا کے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنا اور صوبے میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاسکو کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ گندم کی فوری اور موثر سپلائی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔رانا تنویر حسین کے مطابق وزیراعظم کا یہ اقدام غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک عملی قدم ہے، جس سے صوبے میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں استحکام لانے میں مدد ملے گی۔