گندم تھریشر کے حساب میں صرف 50 روپے کے تنازعہ پر ایک شخص قتل

گندم کٹائی کی مد میں ایک فریق کا مطالبہ تھا کہ اسے 350 روپے دیے جائیں، جبکہ دوسرا فریق اصرار کر رہا تھا کہ وہ صرف 300 روپے ہی ادا کرے گا، تلخ کلامی حد سے بڑھی تو بات گالی گلوچ سے ہتھیاروں تک جا پہنچی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جون 2026 12:25

گندم تھریشر کے حساب میں صرف 50 روپے کے تنازعہ پر ایک شخص قتل
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2026ء) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے میں محض چند روپوں کے حقیر تنازعہ نے ایک شخص کی جان لے لی، جہاں گندم کی تھریشر کے حساب کتاب کے دوران ہونے والی تلخ کلامی خونریز تصادم میں بدل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے میں رقم کے معمولی لین دین پر دو فریقین کے درمیان ہونے والا جھگڑا خونی سانحے میں تبدیل ہو گیا، یہ افسوسناک واقعہ ایئرپورٹ تھانے کی حدود میں واقع علاقے ریگی ناصران کلی مہترزئی میں پیش آیا، جہاں محض 50 روپے کے فرق پر ایک شخص اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ جھگڑے کی وجہ انتہائی معمولی تھی، دونوں فریقین کے درمیان گندم کی کٹائی کے لیے تھریشر مشین کے استعمال کے بعد حساب کتاب ہو رہا تھا، گندم کٹائی کی مد میں ایک فریق کا مطالبہ تھا کہ اسے 350 روپے دیے جائیں، جبکہ دوسرا فریق اصرار کر رہا تھا کہ وہ صرف 300 روپے ہی ادا کرے گا، محض 50 روپے کے اس معمولی سے اختلاف نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں گروپوں کے درمیان ایک شدید اور بے قابو جھگڑے کی شکل اختیار کرلی۔

(جاری ہے)

تبتایا گیا ہے کہ لخ کلامی جب حد سے بڑھی تو بات گالی گلوچ سے نکل کر ہتھیاروں تک جا پہنچی، طیش میں آئے ہوئے ایک فریق نے دوسرے فریق پر تیز دھار آلے سے اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں شیر خان نامی شخص شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، اس خونی حملے میں شیر خان کو بچاتے ہوئے ان کے ساتھی شائستہ خان اور در محمد بھی شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ تھانہ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا، واقعے کا مقدمہ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، محض معمولی رقم پر اتنے بڑے جرم کا ارتکاب کرنے والے ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔