مصطفی کمال سے ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کے وفد کی ملاقات، صحت بارے تحقیق نظام مضبوط بنانے اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا

جمعرات 11 جون 2026 14:52

مصطفی کمال سے ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کے وفد کی ملاقات، صحت بارے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2026ء) وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفی کمال سیہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں جنرل سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری ہیلتھ ریسرچ ایڈوائزری بورڈ بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ملک میں صحت سے متعلق تحقیق کے نظام کو مضبوط بنانے، بیماریوں کی موثر نگرانی کے فروغ اور قومی سطح پر صحت کے ڈیٹا کے موثر استعمال سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

سید مصطفی کمال نے کہا کہ حکومت قومی سطح پر صحت کے اعداد و شمار کو یکجا کرکے شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ ڈیٹا کے موثر استعمال کے ذریعے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی اور صحت کے شعبے میں شفافیت اور مو ثر گورننس کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

وزیرِ صحت کی ہدایت پر بیماریوں کی قومی رجسٹری کے نظام کی نگرانی اور قومی سطح پر صحت کے ڈیٹا کے موثر استعمال کے لیے نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

ترجمان وزارتِ قومی صحت کے مطابق کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 15 رکنی نیشنل سٹیئرنگ کمیٹی میں وفاقی و صوبائی صحت حکام، ماہرینِ صحت، محققین، ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندے، تمام صوبوں کے ڈائریکٹر جنرلز ہیلتھ، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے صحت کے نمائندے بھی شامل ہوں گے،اس کے علاوہ پاکستان ڈائبیٹیز رجسٹری اور پاکستان کارڈیک رجسٹری کے بانی ڈائریکٹرز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔