Live Updates

پی ٹی آئی کے اقبال آفریدی کی رواں اجلاس کیلئے رکنیت معطل، سپیکر کا ایوان سے باہر نکالنے کا حکم

اقبال آفریدی نے کورم پوائنٹ آرڈر کرکے پارلیمنٹ کی روایات ختم کردی ہیں، بجٹ کے بعد جس جماعت کا جو بھی ممبر کورم کی نشاندہی کرے گا اس کے منٹ کاٹ لوں گا، سپیکر ایاز صادق کی رولنگ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جون 2026 14:18

پی ٹی آئی کے اقبال آفریدی کی رواں اجلاس کیلئے رکنیت معطل، سپیکر کا ایوان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2026ء) قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہو گئی جب پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیئر رہنما اور فاٹا سے منتخب رکنِ اسمبلی اقبال آفریدی کو سپیکر ایاز صادق نے سخت ترین ایکشن لیتے ہوئے موجودہ سیشن کے لیے معطل کرتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز کو انہیں ایوان سے باہر نکالنے کا حکم جاری کردیا۔

اطلاعات کے مطابق قومی اسمبلی کے اہم ترین اجلاس میں سپیکر ایاز صادق نے اپوزیشن رکن اقبال آفریدی کی رکنیت رواں اجلاس کے لیے معطل کر دی ہے، حکومت کی جانب سے فرح ناز نے ان کی معطلی کی باقاعدہ تحریک پیش کی جسے اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا، جس کے بعد وہ ایوان سے باہر چلے گئے۔ سپیکر ایاز صادق نے اقبال آفریدی کے خلاف انتہائی سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کی معطلی کی وجوہات بیان کیں کہ اقبال آفریدی کا رویہ پارلیمانی روایات کے بالکل برعکس ہے، ان کی جانب سے گالم گلوچ کی گئی اور اسمبلی سٹاف پر باقاعدہ حملے کیے گئے، اقبال آفریدی نے بار بار کورم کی نشاندہی کرکے پارلیمنٹ کی روایات کو تباہ کیا ہے، لوگ اتنی محنت کرکے ہاؤس میں آتے ہیں لیکن یہ انہیں سوال نہیں پوچھنے دیتے، بجٹ کے بعد جس جماعت کا جو بھی ممبر پوائنٹ آف آرڈر پر صرف کورم کی نشاندہی کرے گا، میں اس کے منٹ کاٹ لوں گا۔

(جاری ہے)

ایوان سے باہر نکالے جانے کے بعد پارلیمنٹ کی راہداریوں میں گفتگو کرتے ہوئے اقبال آفریدی نے کہا کہ ایوان سے رخصتی کے وقت اپوزیشن بنچوں سے صرف شاہد خٹک ان کے پاس آئے، میں فاٹا جیسے دور دراز علاقے سے اس اجلاس کے لیے سخت محنت کر کے پہنچتا ہوں، جبکہ یہ لوگ یہیں اسلام آباد میں رہ کر بھی وقت پر نہیں آتے، مجھے صرف اس لیے سسپنڈ کیا گیا ہے کیونکہ میں ان کی غلط پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتا ہوں۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اقبال آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اقبال آفریدی کے بیٹے پاکستان کے لیے شدید شرمندگی کا باعث بنے ہیں، یہ خود یہاں کھڑے ہو کر بھاشن دیتے ہیں کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے، اور دوسری طرف ان کے اپنے بیٹے نے پاکستان کا بلیو پاسپورٹ سرنڈر کرکے دوسرے ملک میں اسائلم لے لیا۔

طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ ایوان کے لیے کورم زیادہ ضروری ہے یا پاسپورٹ کا یہ بدترین غلط استعمال؟ انہوں نے سپیکر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، جس پر اس سنگین معاملے پر سپیکر ایاز صادق نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اقبال آفریدی کے بیٹے کی جانب سے بلیو پاسپورٹ کے غلط استعمال کا پورا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو تفتیش کے لیے بھیج دیا۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات