Live Updates

ہم امریکی دھمکیوں کو کسی خاطر میں نہیں لاتے، ہر قسم کی جوابی کارروائی کیلئے تیار ہیں، باقر قالیباف

کیا وہ خود نہیں سوچتے کہ اگر دھمکیوں کا کوئی نتیجہ نکلتا تو آج انہیں اس بے بسی کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا؟ سربراہ ایرانی وفد

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جون 2026 22:07

ہم امریکی دھمکیوں کو کسی خاطر میں نہیں لاتے، ہر قسم کی جوابی کارروائی ..
برگن اسٹاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون 2026ء) ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی دھمکیوں کو خاطر میں نہیں لاتے، وہ باتیں کریں گے اور عمل ہم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے بائیکاٹ اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ ترین مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا ہے کہ تہران واشنگٹن کی ان گیدڑ بھبکیوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔

ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں امریکی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ "کیا وہ خود نہیں سوچتے کہ اگر ان کی دھمکیوں کا کوئی نتیجہ نکلتا تو آج انہیں اس بے بسی کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا؟ ہم امریکی دھمکیوں کو بالکل خاطر میں نہیں لاتے"۔

(جاری ہے)

انہوں نے امریکی حکام کو سخت لہجے میں خبردار کیا کہ وہ اپنے بیانات اور زبان کے استعمال میں احتیاط برتیں، کیونکہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی امریکی مہم جوئی کا جواب ایک بالکل مختلف اور غیر متوقع انداز میں دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور وہ ہر قسم کی جوابی کاروائی کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔

اپنے بیان کے آخر میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکہ کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "وہ جتنا چاہیں باتیں کریں، عمل ہم کریں گے"، باقر قالیباف کے اس سخت ترین جواب اور ایرانی وفد کے واک آؤٹ کے بعد برگن اسٹاک امن مشن ڈیڈ لاک کا شکار ہوچکا ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات