Live Updates

امریکہ ایران امن مذاکرات کا پہلا سیشن 80 منٹ بعد ختم

ایران اور امریکہ کے وفود باہمی مشاورت میں مصروف، تہران اور قطر کے مابین دوطرفہ بیٹھک شروع ہوگئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جون 2026 21:20

امریکہ ایران امن مذاکرات کا پہلا سیشن 80 منٹ بعد ختم
برگن اسٹاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2026ء) برگن اسٹاک امن مذاکرات کے دوران پہلا سیشن 80 منٹ بعد ختم ہوگیا، جس کے بعد ایران اور امریکہ کے وفود باہمی مشاورت میں مصروف ہیں، اس دوران تہران اور قطر کے مابین دوطرفہ بیٹھک شروع ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق سوئٹزرلینڈ میں جاری امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن مذاکرات کا پہلا دور 80 منٹ تک جاری رہنے کے بعد 'باہمی مشاورت' کے لیے روک دیا گیا ہے۔

ایران کی خبر رساں ایجنسی 'فارس' نے اطلاع دی ہے کہ دونوں ممالک کے وفود کے مابین ابتدائی سیشن کا وقت مکمل ہونے کے بعد مذاکرات کو عارضی طور پر ختم کیا گیا ہے تاکہ فریقین اپنی اپنی قیادت کے ساتھ اندرونی معاملات پر مشاورت کرسکیں۔ دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے پہلے دور کے اختتام کے فوراً بعد تہران اور قطر کے وفود کے مابین انتہائی اہم دوطرفہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور مفاہمتی یادداشت کے نکات پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پہلے دور کی اس بریک اور دوطرفہ ملاقاتوں کے بعد یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہو سکی کہ آیا پاکستان اور قطر کی موجودگی میں ہونے والے یہ چار ملکی مذاکرات آج ہی دوبارہ شروع ہوں گے یا انہیں فی الحال روک دیا جائے گا، سفارتی حلقے اس وقت تمام وفود کی اندرونی مشاورت کے نتائج پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات