گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ اور ال امین اکیڈمی کے درمیان ایم او یو سائن

پیر 22 جون 2026 21:04

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2026ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ (جی سی ڈبلیو یو ایس) اور ال امین اکیڈمی کے درمیان ایم او یو سائن کیا گیا جس کے تحت مستقبل کی سول سرونٹس کے لیے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔جامعہ کی ریلیز کے مطابق گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ (جی سی ڈبلیو یو ایس) نے یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ال امین اکیڈمی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔

ایم او یو پر باضابطہ دستخط وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر اور ال امین اکیڈمی کے سی ای او پیر ضیا الحق نقشبندی نے کیے۔ یہ معاہدہ جی سی ڈبلیو یو ایس کی طالبات کو مقابلے کے امتحانات کی معیاری تیاری کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ایس ایس، پی ایم ایس، پی پی ایس سی اور ایف پی ایس سی امتحانات کی تیاری اور ان کے کیریئر کے امکانات کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا۔

سیشن میں سول سروسز اور دیگر ممتاز سرکاری شعبوں میں شمولیت کے خواہش مند طلبہ کو مفید رہنمائی فراہم کی گئی۔ایم او یو کے تحت جی سی ڈبلیو یو ایس کی طالبات کو ال امین اکیڈمی میں 50 فیصد ٹیوشن فیس رعایت اور مفت ہاسٹل رہائش فراہم کی جائے گی، جس سے باصلاحیت اور مستحق طالبات کو مقابلے کے امتحانات کی معیاری تیاری کے مواقع میسر آئیں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اس موقع پر کہا کہ اس نوعیت کے اشتراکات نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں سرکاری شعبے میں قائدانہ کرداروں کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ شراکت داری علمی برتری، پیشہ ورانہ ترقی اور قومی خدمت کے نئے راستے ہموار کرنے کے لیے یونیورسٹی کے عزم کی عکاس ہے۔یہ تعاون جی سی ڈبلیو یو ایس کی طالبات کے لیے اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے اور پاکستان کی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔