وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات

بدھ 24 جون 2026 17:59

وزیراعظم کی مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2026ء) قومی اسمبلی میں وزیر اعظم شہبازشریف اپوزیشن کی نشستوں پر گئے اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی، گوہر علی خان، مولانا فضل الرحمن، لطیف کھوسہ، حمید حسین سمیت پہلی صف میں بیٹھے اپوزیشن اراکین سے مصافحہ کیا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے کچھ دیر گفتگو بھی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم سے ان کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے ایوان میں مولانا فضل الرحمن کی جانب سے اٹھائے گئے بعض نکات کے جواب میں کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے ان کے بہترین تعلقات ہیں اور ان سے احترام کا رشتہ ہے۔ان کی تقریر میں نے سنی ہے۔ میری اکثر مولانا فضل الرحمن سے ملاقات رہتی ہے۔ ان کے اور میرے درمیان تخلیہ میں جو باتیں ہوئی ہیں وہ قیامت تک راز ہیں اور قبر میں میرے ساتھ جائیں گی۔

بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے جس محبت کا اظہار کیا ہے میں اس کا خیر مقد م کرتا ہوں ، اگر وہ تنہائی میں ہونے والی باتوں کو پبلک کر دیں تو وہ ناراض نہیں ہوں گے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی پیشکش کو ان کی فراخ دلی کی بنیاد پر قبول نہیں کریں گے کیونکہ اس سے معاملات دور تک چلے جائیں گے۔