سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دس ملزمان کی ضمانت منظور کرنے کا سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم

پیر 29 جون 2026 22:24

سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دس ملزمان کی ضمانت منظور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2026ء) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دس ملزمان کی ضمانت منظور کرنے بارے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں اور شعائر اسلام بالخصوص حضور ﷺ کی توہین پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دس ملزمان کی سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت منظور کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں کی سماعت پیر کوجسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی فاضل بینچ نے کی۔

مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمات کے مدعیان کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر مذکورہ درخواستوں کو سپریم کورٹ نے منظور کرتے ہوئے مذکورہ ملزمان کی ضمانت منظور کرنے کے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے گیارہ دسمبر 2024 کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اپنے حکم نامہ میں یہ کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ مذکورہ ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانتوں کی ازسرنو سماعت کے لئے نیا بینچ تشکیل دے،جو دو ماہ کے اندر مذکورہ ملزمان کی درخواست ضمانت کا فیصلہ دوبارہ میرٹ پر کرے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامہ میں یہ بھی قرار دیا ہے کہ مذکورہ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرنے والے سندھ ہائیکورٹ کے جج کو نئے بینچ میں شامل نہ کیا جائے۔دوران سماعت مدعیان مقدمہ کی جانب سے ہارون الرشید،قاضی عادل عزیز،جان محمد خان،خرم محمود قریشی،را عبد الرحیم،راجہ فیصل یونس اور ملک ثاقب محمود،ایڈووکیٹس سپریم کورٹ جبکہ سرکار کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد شفقت خان عباسی فاضل سپریم کورٹ کے روبرو پیش ہوئے۔

اس موقع پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے بذریعہ وڈیو لنک ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے ارسلان منظور،انسپکٹر شعیب شہاب اور سید عدنان شاہ بھی فاضل سپریم کورٹ کے روبرو پیش ہوئے۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے مورخہ 11 دسمبر 2024 کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کراچی میں درج پانچ مقدمات 10/23، 21/23، 25/23، 48/23 اور 16/24 میں نامزد دس ملزمان ایم عدنان،افضل ڈینگا،علی جنید،وہاج فاروقی،اویس احمد،ایم احسن،ارشد علی شاہ،ایم اسامہ صدیقی،،عظیم الشان،طلحہ علی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی-