مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کو سالانہ غسل دینے کی روح پرورتقریب کاانعقاد

غسلِ کعبہ کا عمل 3 مراحل میں مکمل کیا گیا، آبِ زمزم، خوشبودار تیل اور معطر اجزا استعمال کیے گئے

منگل 30 جون 2026 21:13

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2026ء) مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کو سالانہ غسل دینے کی تقریب بعد نمازِ فجر منعقد ہوئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے اس روح پرور تقریب کی قیادت کی جبکہ اس بابرکت تقریب میں غیر ملکی سفارت کار، او آئی سی، علما مشائخ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

غسلِ کعبہ کا عمل 3 مراحل میں مکمل کیا گیا، جن میں مخصوص مقدار میں آبِ زمزم، خوشبودار تیل اور معطر اجزا استعمال کیے گئے۔غسلِ کعبہ سے قبل غلافِ کعبہ (کسوہ)کو اوپر اٹھایا گیا تاکہ کسوہ محفوظ رہے اور خان کعبہ کے اندر داخل ہونے میں سہولت ہو۔اس دوران زائرین کی محدود تعداد طواف میں مصروف رہی اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔غسلِ کعبہ کی یہ مقدس تقریب سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی میں صدیوں سے ادا کی جا رہی ہے اور اسے مسجد الحرام سے وابستہ اہم ترین مذہبی رسومات میں شمار کیا جاتا ہے۔