وفاقی آئینی عدالت نے پولیس اصلاحات اور افسران کیخلاف کارروائی کا سندھ ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیدیا

بدھ 1 جولائی 2026 23:08

ًاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2026ء) وفاقی آئینی عدالت نے پولیس اصلاحات اور افسران کیخلاف کارروائی کا سندھ ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیدیا ہے۔عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے پولیس افسران کیخلاف فیصلے کو ازخود نوٹس کے مترادف قرار دیاہے۔عدالت نے کہاہے کہ ہائیکورٹس آرٹیکل 199 کے تحت ازخود نوٹس لینے کا اختیارنہیں رکھتیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں عدالت نے پولیس افسران کیخلاف جاری انکوائری قانون کے مطابق مکمل کرنے کا حکم دیاہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں مزیدکہاہے کہ سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ انکوائری پر اثرانداز نہیں ہوگا، آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹس کو ازخودنوٹس لینے کا اختیار نہیں ہے، پولیس افسران کیخلاف سندھ ہائیکورٹ کے روبرو کوئی مقدمہ زیر سماعت نہیں تھا، سندھ ہائیکورٹ کا فوجداری کیس میں پولیس اصلاحات اور افسران کیخلاف کارروائی کا حکم اختیار سے تجاوز ہے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے مطابق سپریم کورٹ کے 30 سال پرانے فیصلے میں موجود اصلاحات کا حکم دیا گیا، سندھ حکومت کے مطابق پولیس سے متعلق کئی نئے قوانین اور اصلاحات ہوچکی ہیں، پولیس افسران امجد احمد شیخ اور آصف علی نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ نے فوجداری مقدمہ میں پولیس افسران کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔