انڈونیشیا میں علیحدگی پسندوں نے امریکی پائلٹ کو قتل کرکے طیارے کو آگ لگا دی

ْطیارے میں امریکی پائلٹ سمیت 8افراد سوار تھے، مسافروں کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں

جمعرات 2 جولائی 2026 21:20

جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) انڈونیشیا کے شورش زدہ مشرقی صوبے پاپوا میں علیحدگی پسند باغیوں نے امریکی پائلٹ کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد طیارے کو نذر آتش کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق انڈونیشیا کی علیحدگی پسند مسلح جماعت ویسٹ پاپوا نیشنل لبریشن آرمی کے ترجمان سیبی سامبوم نے اپنے ایک بیان میں کی۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے امریکی پائلٹ کی شناخت نکولس ایف گوسیلن کے نام سے ہوئی ہے۔ طیارے نے پاپوا صوبے کے ضلع ہائی یاہوکیمو میں لینڈنگ کی تھی۔طیارے پر حملہ کرنے والے باغیوں نے الزام عائد کیا کہ یہ طیارہ بار بار انڈونیشی فوجی اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور ان کی جانب سے جاری انتباہ کو نظر انداز کیا۔

(جاری ہے)

حملے کے بعد باغیوں کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں مسلح افراد کو بندوقوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ’‘مارننگ اسٹار‘‘پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا جو پاپوا کی آزادی کی تحریک کی علامت سمجھا جاتا ہے۔باغیوں نے خبردار کیا کہ اگر انڈونیشیا نے ان کے زیرِ اثر علاقوں میں شہری طیاروں کی پروازیں جاری رکھیں تو ایسے حملے مزید کیے جائیں گے۔تاحال امریکی سفارت خانے نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ادھر انڈونیشیا کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ یہ طیارہ وامینا سے یاہوکیمو جا رہا تھا اور لینڈنگ کے فورا بعد اس سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ان کے بقول یہ طیارہ مقامی فضائی کمپنی کی ملکیت تھا جو پاپوا کے دور دراز علاقوں میں خوراک، ایندھن، ڈاک اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کی خدمات انجام دیتی ہے۔دوسری جانب انڈونیشیا کی مشترکہ پولیس اور فوجی آپریشنز کے ترجمان یوسف سوتیجو نے تصدیق کی ہے کہ یاہوکیمو کے ایک ہوائی اڈے پر ایک جلا ہوا طیارہ ملا ہے جسے ایک امریکی پائلٹ اڑا رہا تھا۔

انھوں نے کہا کہ تاحال اس بات کی سرکاری تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ طیارے پر حملہ علیحدگی پسندوں نے کیا تھا اور آیا پائلٹ ہلاک ہوچکا ہے۔ادھر حکام نے بتایا کہ طیارے میں امریکی پائلٹ سمیت 8افراد سوار تھے جن میں باقی 7مسافر مقامی پاپوان باشندے تھے۔ مسافروں کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔