برآمدات کا ہدف حاصل نہ ہونا تشویشناک، ہنگامی فیصلے لئے جائیں: خادم حسین

جمعہ 3 جولائی 2026 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال میں برآمدات کا ہدف حاصل نہ ہونا تشویش کا باعث ہے اس لئے حکومت اس حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ،بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ زرمبادلہ کے ذخائر پر مزید دبا ئوڈال سکتا ہے، اشرافیہ کے استعمال کی لگژری درآمدات پر ڈیوٹیز میں مزید اضافہ کیا جائے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو توانائی، فنانسنگ اور خام مال کی دستیابی میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسپورٹرز کو بجلی اور گیس مسابقتی نرخوں پر فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

ریفنڈز اور ڈیوٹی ڈرا بیک کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کے لیے طویل المدتی اور مستقل پالیسی ناگزیر ہے،نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے تجارتی سفارت کاری کو موثر بنایا جائے۔

ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی مراعات دی جائیں،چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمدکنندگان کو آسان قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے۔انہوںنے کہا کہ پیداواری لاگت میں کمی سے پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں زیادہ مسابقت حاصل کر سکتی ہیں۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ نجی شعبے سے مشاورت کے ذریعے جامع ایکسپورٹ پالیسی مرتب کی جائے۔اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ مالی سال میں برآمدی اہداف کا حصول مزید مشکل ہو سکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت فوری اصلاحات کے ذریعے برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔