پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی تعاون کے نئے امکانات، وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی اعلیٰ سطحی چینی وفد سے ملاقات

جمعہ 3 جولائی 2026 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اجلاس میں دی سلیکون ولیج کے سی ای او بریگیڈیئر (ر) عابد چیمہ، سائنو برٹش ریجنل ڈویلپمنٹ فنڈ مینجمنٹ کمپنی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ ڈائی ، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سینئر افسران اور چین کے لیے وزیراعظم کے معاون خصوصی ظفرالدین سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈیوڈ ڈائی نے پاکستان میں کمپیوٹر چپ پیکیجنگ، سیمی کنڈکٹرز، گرین انرجی، جدید مینوفیکچرنگ اور ریسرچ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں سلیکون ولیج کے اشتراک سے چین کی طرز پر سسٹر ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے پر غور کر رہی ہے۔بریگیڈیئر عابد چیمہ نے سلیکون ولیج میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کے پہلے ٹیکس فری ٹیکنالوجی زون اور مصنوعی ذہانت (AI) سے چلنے والے پہلے ڈیٹا سینٹر کے بارے میں آگاہ کیا، جسے وفاقی وزیر نے ملکی ٹیکنالوجی شعبے کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے وفد کو پاکستان اسٹیل ملز سے متعلق جاری پیش رفت اور روس کے ساتھ مذاکرات سے آگاہ کیا، جبکہ کراچی اور چنیوٹ میں موجود صنعتی اور معدنی مواقع سے بھی روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) میں سرمایہ کاروں کو نو سال تک انکم ٹیکس میں چھوٹ اور مشینری کی درآمد پر زیرو ڈیوٹی سمیت متعدد مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

چینی وفد نے لیتھیم ٹیکنالوجی، جنوبی پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری اور پاکستان اسٹیل ملز میں دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ حکومت پاکستان نے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون، سہولت کاری اور ریگولیٹری مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر دونوں جانب سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ منصوبوں، بزنس ٹو بزنس روابط اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔