Live Updates

وزیراعظم شہبازشریف، شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے بعد استنبول روانہ ہوگئے

فیلڈ مارشل ، شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ، وزیراعظم کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات، شہید سپریم لیڈر کی گراں قدر خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 جولائی 2026 21:01

وزیراعظم شہبازشریف، شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے بعد ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 03 جولائی 2026ء ) وزیراعظم شہبازشریف، شہید آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے بعد استنبول روانہ ہوگئے۔ جبکہ فیلڈ مارشل ، شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق شہید سپریم لیڈر 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

پی ایم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس پر موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک غیر معمولی بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایرانی قوم کی رہنمائی کی۔ مزید برآں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کرکے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی ایران کیلئے خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تہران میں ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایران کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے رہبر اعلیٰ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے تہران میں موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جمعہ کو تہران پہنچے، جہاں ایرانی حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔

وہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفینی تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج کی نمائندگی کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف بھی اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے ہمراہ ایران پہنچے ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نماز جنازہ کیلئے انتظامات کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت گرینڈ مصلیٰ پہنچا دی گئی ہے،اس موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کل تہران میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کا جسد خاکی تہران سے قم پھرنجف اورکربلا لے جایا جائے گا۔ پھر میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا ،جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی،8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات