ایشا کوپیکر بالی ووڈ میں مرد اور عورت سے متعلق دہرے معیار پر سیخ پا

جمعہ 3 جولائی 2026 20:38

ایشا کوپیکر بالی ووڈ میں مرد اور عورت سے متعلق دہرے معیار پر سیخ پا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) بالی ووڈ اداکارہ ایشا کوپیکر سوشل میڈیا پر ویڈیو ریل شیئر کرتے ہوئے فلم انڈسٹری میں بڑھتی عمر پر مرد اور عورت کے درمیان جاری دہرے معیار پر پھٹ پڑیں۔سوشل میڈیا کے مطابق اداکارہ نے کہا کہ کیا یہ عجیب نہیں مرد کی عمر بڑھے تو اسے تجربہ کہا جاتا ہے، اور عورت کی عمر بڑھے تو اسے مسئلہ بنا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلموں میں ہیروز اپنے سے آدھی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ عشق لڑاتے ہیں اور وہ سب کے ہیرو بن جاتے ہیں، اسے بہت نارمل سمجھا جاتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی عورت عمر کے اس حصے میں بھی اسٹائلش رہے اور اپنی مرضی سے جیے، تو اسے طنزا کہا جاتا ہے کہ اپنی عمر کے حساب سے رہا کرو۔انہوں نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ وقت کیساتھ عورت کم نہیں بلکہ مزید گہری اور مضبوط ہوتی ہے، چہرے کی جھریاں صرف عمر نہیں، جدوجہد اور طاقت دکھاتی ہیں۔انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ عورت کی عزت کی کوئی ایکسپائری ڈیٹ نہیں ہوتی، اس لئے کسی خاتون کو اس کی عمر سے نہیں بلکہ اس کے خوبصورت سفر اور طاقت سے پہچانیں۔