پاکستان نے پرتگالی سرمایہ کاروں کو زیتون کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی

جمعہ 3 جولائی 2026 19:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں پرتگال کے وزیر برائے زراعت و بحری امور جوزے مینوئل فرنانڈس سے ملاقات کے دوران پرتگالی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے زیتون کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں زیتون کی ویلیو چین میں سرمایہ کاری کے وسیع اور منافع بخش مواقع موجود ہیں۔

ملاقات کے دوران زراعت، غذائی تحفظ، زیتون کے شعبے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رانا تنویر حسین نے بتایا کہ پاکستان نے زیتون کی پیداوار کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے 55 ہزار 669 ایکڑ رقبے پر 70 لاکھ سے زائد زیتون کے درخت لگائے ہیں، جبکہ جدید آئل ایکسٹریکشن یونٹس، پراسیسنگ سہولیات، معیاری ٹیسٹنگ لیبارٹریز اور مضبوط ہوتی ویلیو چین اس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ (BOI) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سو فیصد ملکی ملکیت، طویل المدتی اراضی لیز، زرعی مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد، ٹیکس مراعات، ون ونڈو آپریشن اور دیگر خصوصی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے پرتگالی کمپنیوں کو زیتون کی کاشت، پراسیسنگ، پیکجنگ، ویلیو ایڈڈ مصنوعات، جوائنٹ وینچرز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان کو پائیدار زرعی سرمایہ کاری کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منزل قرار دیا۔

دونوں وزرائ نے زرعی تحقیق، میکانائزڈ ہارویسٹنگ، زیتون کے تیل کی جدید ٹیکنالوجی، معیار کی تصدیق، ویلیو ایڈیشن، تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون، مؤثر آبی انتظام، ڈرپ اریگیشن اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی نظام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ انٹرنیشنل اولیو کونسل (IOC) کی مستقل رکنیت کے بعد پاکستان عالمی معیار کے مطابق زیتون کی پیداوار اور مصنوعات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ پاکستانی زیتون عالمی منڈی میں مزید مسابقتی مقام حاصل کر سکے۔

انہوں نے پرتگال کے وزیر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ نیشنل اولیو پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت کا خود مشاہدہ کریں اور زراعت، تجارت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیں۔اس موقع پر پرتگال کے وزیر جوزے مینوئل فرنانڈس نے پاکستان کی زیتون کے شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔