ٹیکسز نظام کو ایک چھت کے نیچے لانے کے منصوبے پر تاجروں سے مشاورت ک ی جائے‘ انجمن تاجران

ہفتہ 4 جولائی 2026 15:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2026ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے پنجاب حکومت کی جانب سے تمام ٹیکس وصول کرنے والے محکموں کو ایک چھت تلے لانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کے مکمل خدوخال سامنے لائے جائیں تاکہ کاروباری طبقہ اس نظام سے متعلق اعتماد کے ساتھ اپنی رائے دے سکے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اس مجوزہ نظام میں ضلعی حکومت، ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر مقامی اداروں کی جانب سے وصول کیے جانے والے مختلف ٹیکسز اور فیسوں کو بھی اسی نظام میں ضم کرے ۔شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ اس وقت ٹیکسز کی تعداد اور ان کی شرح دونوں غیر معمولی حد تک زیادہ ہیں جس کی وجہ سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجر شدید مالی دبا ئوکا شکار ہیں۔ مطالبہ ہے کہ حکومت ٹیکسز کی تعداد میں نمایاں کمی کرے، غیر ضروری ٹیکسز ختم کرے اور ٹیکس کی شرح کو کاروباری حالات کے مطابق معقول بنایا جائے تاکہ چھوٹے تاجروں پر بوجھ کم ہو اور وہ اطمینان کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔