ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش سے برآمدات کے نئے راستے کھلیں گے ‘ اعجاز الرحمان

عالمی نمائش میں لاکھوں ڈالر کے برآمدی معاہدے طے پائیں گے ‘ چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

اتوار 5 جولائی 2026 11:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2026ء) چیئرپرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش نہ صرف برآمدات کے فروغ کا موثر ذریعہ ثابت ہو گی بلکہ یہ معاشی ترقی، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور عالمی تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی ۔

وہ لاہور میں شیڈول6 سے 8 اکتوبر کومنعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے سلسلے میں صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ اس طرز کی عالمی نمائشیں برآمدات کے فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور عالمی خریداروں سے براہ راست روابط قائم کرنے کے بے شمار مواقع فراہم کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش میں لاکھوں ڈالر کے برآمدی معاہدے طے پائیں گے جس سے نہ صرف صنعت کو تقویت ملے گی بلکہ مقامی دستکاروں کی مہارت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائشیں برآمدات میں اضافے، معاشی ترقی، عالمی شراکت داری، جدید ڈیزائنوں کے رجحانات سے آگاہی، جدت طرازی اور ثقافتی سفارتکاری جیسے اہم شعبوں میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔اعجاز الرحمان نے کہا کہ وہ ممالک جہاں صدیوں پرانی دستکاری اور بنائی کی روایات موجود ہیں ان کے لیے بین الاقوامی نمائشیں نہایت بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے دنیا کی اہم بین الاقوامی قالین نمائشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی ،پاکستان ،ترکیہ ،چین بھارت ،تہران اور باکو میں منعقد ہونے والے عالمی ایونٹس ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے اہم ترین پلیٹ فارمز تصور کیے جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یہ عالمی نمائش ایک منفرد حیثیت رکھتی ہے جو گزشتہ 42 سال سے مسلسل کامیابی کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہے اور یہ ایسوسی ایشن کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے صنعتکاروں اور برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ جدید عالمی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلی معیار کے ہاتھ سے بنے قالین، نئے ڈیزائنز، رنگوں کے امتزاج اور متنوع کلیکشنز کے ساتھ بھرپور شرکت کریں تاکہ بین الاقوامی خریداروں کی توجہ حاصل کی جا سکے۔