چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کاممتاز چینی اردو دان ژانگ شیشوان کے انتقال پر اظہار افسوس

پیر 6 جولائی 2026 01:02

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2026ء) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نےچائنا پکٹوریل کے اردو ایڈیشن کے سابق ایڈیٹر ان چیف انتخاب عالم (ژانگ شیشوان) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اردو کے ممتاز عالم، شاعر، مترجم اور پاکستان کے چین میں سب سے مخلص دوستوں میں سے ایک قراردیا۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام میں سفیر خلیل ہاشمی نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ژانگ شیشوان کی عمر بھر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں نے پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان باہمی ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کے مضبوط اور دیرپا پل تعمیر کیے۔

انہوں نے معروف پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی شہرۂ آفاق تصنیف نسخۂ ہائے وفا (کلیات) کا چینی زبان میں ژانگ شیشوان کے تاریخی ترجمے کو ایک غیر معمولی ادبی کارنامہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ترجمے کے ذریعے پاکستان کے عظیم ترین شاعروں میں سے ایک، فیض احمد فیض، کے کلام کو چینی قارئین کی وسیع تر تعداد تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔

انہوں نے انتخاب عالم کی اردو شاعری کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کلام اردو زبان سے ان کی گہری محبت اور اس کی شاندار ادبی روایت سے وابستگی کا آئینہ دار تھا۔سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے فروغ کے لیے ژانگ شیشوان کی غیر متزلزل وابستگی، ان کی شفقت، انکساری اور پاکستان سے بے پناہ محبت نے انہیں ہر اس شخص کی نظر میں قابلِ احترام اور قابلِ تحسین بنا دیا جو انہیں جانتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے میں ان کے اہلِ خانہ، دوستوں، ساتھیوں اور بے شمار مداحوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس عظیم شخصیت کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی خدمات کا ورثہ پاکستان اور چین، دونوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ژانگ شیشوان، جو اپنے اردو نام انتخاب عالم سے زیادہ معروف تھے، اردو زبان و ادب، ادبی تراجم اور پاکستان و چین کے درمیان ثقافتی و ادبی روابط کے فروغ میں کئی دہائیوں پر محیط غیر معمولی خدمات کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

ان کی گراں قدر خدمات نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور پائیدار دوستی کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔