قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں طلب کر لیا گیا

ہفتہ 11 جولائی 2026 19:20

قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ نصیر بندہ ہاکی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی ہدایت اور پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی و نیشنل سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں قومی سینئر ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ کیمپ آئندہ مردوں کے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں لگایا جا رہا ہے، جو 15 اگست سے 30 اگست تک بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق تربیتی کیمپ 11 جولائی سے 26 جولائی تک نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، اسلام آباد میں جاری رہے گا۔ تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 11 جولائی کو شام 5 بجے تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں کیمپ کوآرڈینیٹر اور کوچ کو رپورٹ کریں۔

(جاری ہے)

کیمپ کے لیے منتخب ممکنہ کھلاڑیوں میں گول کیپرز منیب الرحمن (واپڈا)، علی رضا (نیوی) اور وقار (واپڈا) شامل ہیں۔

ڈیفینڈرز میں سفیان خان (کسٹمز)، عماد بٹ (نیشنل بینک)، ابو بکر محمود (نیشنل بینک)، ارباز (ایم پی سی ایل)، ندیم خان (ایم پی سی ایل)، عبد المنان (پاک فضائیہ)، حماد انجم (واپڈا)، محمد عبداللہ (ایم پی سی ایل) اور ارشد لیاقت (ایم پی سی ایل) شامل ہیں۔مڈفیلڈرز میں معین شکیل (واپڈا)، غضنفر علی (ایم پی سی ایل)، ذکریا حیات (نیوی) اور محمد عماد (کسٹمز) کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ اسٹرائیکرز میں افراز خان (ایم پی سی ایل)، احمد ندیم (ایم پی سی ایل)، حنان شاہد (واپڈا)، رانا وحید اشرف (واپڈا)، عبدالرحمن (پاک فضائیہ) اور رانا ولید اشرف (نیوی) کو کیمپ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔