کے ٹو ائیرویز حادثے میں جاں بحق ہونے والے فرسٹ آفیسر کیپٹن فیصل جتوئی کی غائبانہ نمازِ جنازہ

منگل 14 جولائی 2026 12:51

نوشہروفیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2026ء) کے ٹو ائیرویز کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے فرسٹ آفیسر کیپٹن فیصل جتوئی کی غائبانہ نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں ٹھوڑھا شریف، تحصیل مورو، ضلع نوشہروفیروز میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، معززینِ علاقہ، دوست احباب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد شرکاء نے کیپٹن فیصل جتوئی کے والد اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر مرحوم کی قومی خدمات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خوش اخلاقی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ کے ٹو ائیرویز کا کارگو طیارہ 7 جولائی کو شارجہ واپسی کے دوران بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

حادثے میں طیارے میں سوار تمام پانچ افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں کیپٹن رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل جتوئی، ایئرکرافٹ انجینئر محمد عارف صدیقی، ایئرکرافٹ انجینئر محمد حامد اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق شامل تھے۔مرحوم کیپٹن فیصل جتوئی کی غائبانہ نمازِ جنازہ میں شرکاء نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :