بجلی صارفین پر مزید 200 ارب کا بوجھ ڈالنے کی تیاری

نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی کو سسٹم سے متعلق اخراجات کی مد میں 200 ارب وصول کرنیکی منظوری دیدی منظور شدہ رقم کی وصولی یکم اگست 2026 سے شروع کیے جانے کا امکان ،تمام تقسیم کار کمپنیوں سے وصول کی جائیگی

بدھ 15 جولائی 2026 22:40

بجلی صارفین پر مزید 200 ارب کا بوجھ ڈالنے کی تیاری
اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2026ء) حکومت نے بجلی صارفین پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ، نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی کو سسٹم سے متعلق اخراجات کی مد میں صارفین سے تقریباً 200 ارب روپے وصول کرنے کی منظوری دے دی۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نیشنل گرڈ کمپنی نے گزشتہ تین مالی سال کے دوران ہونے والے مختلف سسٹم اخراجات کی وصولی کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں درخواست جمع کرائی تھی۔

نیپرا نے درخواست پر سماعت، متعلقہ ریکارڈ کے جائزے اور فریقین کے مقف کے بعد تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔فیصلے کے تحت منظور شدہ رقم کی وصولی یکم اگست 2026 سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، یہ رقم ملک بھر میں بجلی فراہم کرنے والی تقسیم کار کمپنیوں کے ذریعے صارفین سے وصول کی جائے گی، ان کمپنیوں میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت دیگر تمام سرکاری ڈسکوز شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ٹیرف کی مد میں اضافی رقم وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی جس کے نتیجے میں فی یونٹ بجلی کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق صارفین سے وصولی کے طریق کار، فی یونٹ اضافے اور مختلف کیٹیگریز پر پڑنے والے مالی اثرات کی حتمی تفصیلات بعد میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔نیپرا کے اس فیصلے کے بعد گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے بجلی بلوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ پہلے ہی بجلی کی بلند قیمتوں، ٹیکسز، سرچارجز اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے صارفین کو بھاری بلوں کا سامنا ہے۔