پنجاب کے جوڈیشل افسران کیلئے رعایتی قیمت پر گاڑیاں خریدنے کی اسکیم متعارف کرا دی گئی

2 ہزار جوڈیشل افسران اڑھائی لاکھ سے ساڑھے3 لاکھ روپے تک کی رعایتی قیمت پر سرکاری گاڑیاں خرید سکیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 جولائی 2026 00:27

پنجاب کے جوڈیشل افسران کیلئے رعایتی قیمت پر گاڑیاں خریدنے کی اسکیم ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 15 جولائی 2026ء ) لاہورہائیکورٹ کی منظوری کے بعد ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس کے تحت پنجاب بھر کے جوڈیشل افسران کیلئے رعایتی قیمت پر گاڑیاں خریدنے کی اسکیم متعارف کروائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے تمام اہل جوڈیشل افسران کو 22 جولائی تک رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو مقررہ رقم کا پے آرڈر جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن فیسیلٹی کے تحت تقریباً 2 ہزار جوڈیشل افسران ڈھائی لاکھ سے ساڑھے 3 لاکھ روپے تک کی رعایتی قیمت پر سرکاری گاڑیاں خرید سکیں گے۔
اس اسکیم سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، سول ججز اور ججز فیملی کورٹس، انسداد دہشت گردی، احتساب، بینکنگ، ایف آئی اے، انسداد منشیات، کسٹمز اور لیبر کورٹس کے ججز مستفید ہوسکیں گے۔
اسی طرح سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ، آئینی عدالت اور دیگر اداروں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات پنجاب جوڈیشری کے افسران بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔